ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان، بابر اعظم سمیت کوئی پاکستانی شامل نہیں

آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں گزشتہ 2 سال پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے والے بابر اعظم سمیت کسی پاکستانی کھلاڑی کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایوارڈز 2023 کیلئے مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا، مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں گزشتہ سال اور ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے 4 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر 2023ء کی نامزدگیوں کیلئے بھارت کے 3 کھلاڑی ویرات کوہلی، محمد شامی، شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، اس سال پاکستان کا کوئی کھلاڑی بھی اس ایوارڈ کیلئے نامزد نہیں ہوا۔ آئی سی سی کے مطابق ویمنز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر 2023ء کی نامزدگیوں کیلئے سری لنکا کی چیماری اٹاپاٹو، آسٹریلیا کی ایشلے گارنر، نیوزی لینڈ کی ایمیلیا کیر اور انگلینڈ کی نٹ سوئیر برنٹ کو نامزد کیا گیا ہے، خواتین کی کیٹیگری میں بھی پاکستان کی کوئی کھلاڑی نامزد نہیں۔ گزشتہ روز آئی سی سی نے مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر اور ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا، مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین، یوگینڈا کے ایلپیش رامجانی، زمبابوے کے سکندر رضا اور بھارت کے سوریا کماریادیو شامل ہوئے۔ آئی سی سی ایمرجنگ مینز کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں جنوبی افریقا کے جیرالڈ کوئٹزے، بھارت کے یاشاسوی جسوال، سری لنکا کے دلشن مدھو شنکا، اور نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا شامل ہیں، آئی سی سی ایوارڈز کے فاتحین کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعے ہو گا، ایوارڈز جیتنے والے کرکٹرز کا اعلان اس ماہ کے آخر میں کیا جائے گا

ای پیپر دی نیشن