لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے چینی حکام اور سرمایہ کاروں کا تعاون سفارتی تعلقات میں مزید مضبوطی کا باعث بنے گا۔یہ بات انہوں نے آج بیجنگ میں مختلف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے ، شمسی توانائی اور پانی سے بجلی پیدا کرنے کے لامحدود امکانات موجودہیں اورہم چین سے بجا طور پر یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان ذرائع سے فائدہ اٹھانے میں ہمارے ساتھ تعاون کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم پنجاب میں توانائی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو تمام سہولتیں و تحفظ فراہم کریں گے، انہیں سولر سسٹم نصب کرنے کے لئے نہایت آسان شرائط پر اراضی فراہم کی جائے گی اور بجلی کی پیداواری لاگت کو کم سے کم سطح پر رکھنے کے لئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے دورے کا مقصد بھی چین سے انرجی کی پیداوار میں اضافے کے لئے تعاون حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین آزمودہ دوست ہے اور مجھے یقین ہے کہ انرجی کے بحران میں وہ پاکستان کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم چین سے امداد نہیں بلکہ دوستانہ تعاون اور فنی رہنمائی کے متمنی ہیں۔ پاکستانی ایک باصلاحیت قوم ہے اور مجھے یقین ہے کہ میاں محمد نواز شریف جیسے فعال اور مدبر رہنما کی قیادت میں ہم بھی چین کی طرح ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ وزیراعلی نے شمسی توانائی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہوں اور توانائی کے ماہرین کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کار اور ماہرین پنجاب کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ہنگامی بنیادوں پر منصوبوں کو عملی شکل دیں ۔دریں اثناءآج بیجنگ میں حکومت پنجاب اور چین کی سرکاری کمپنی چائنہ انرجی انجینئرنگ کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر شیر علی خان نے معاہدے پر دستخط کئے ۔ معاہدے کے مطابق کمپنی پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا درمیانے درجے کا پلانٹ لگائے گی۔پیشتر ازیں بیجنگ میں انڈرگراﺅنڈ میٹرو کے حکام نے بھی وزیراعلی کو اپنے ٹرانسپورٹ سسٹم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چینی حکام اور ماہرین نے کہا کہ وہ پنجاب کے بڑے شہروں میں جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم چلانے کے لئے ہرطرح کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔
شہباز شریف/ملاقات