اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلےمنٹ مےں مدت ملازمت میں توسیع کے کلچر کو ختم کر دےا جائے گا کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالوں گا تحقیقات کی جا رہی ہے جس شخص کے خلاف کرپشن ثابت ہوئی اسے نہیں چھوڑا جائے گا اس حوالے سے کسی بھی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ملازمین کی تعداد 1277 ہے مزید بھرتیوں کی ضرورت نہیں ہے اور پانچ سالوں کے دوران کوئی نئی بھرتیاں نہیں کی جائینگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کےا۔ سپےکر نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کا سپیکر نہیں ہوں۔ پارلیمنٹ ہاﺅس میں سالانہ ساڑھے گیارہ کروڑ روپے بجلی و گیس کے بلز کے حوالے سے ادا کئے جا رہے ہیں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کئے جائیں گے پارلیمنٹ لاجز کے سرونٹ کوارٹرز میں قائمہ کمیٹیوں کے دفاتر کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے نئی تعمیرات کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ میڈیا کے لوگ میرے ساتھی ہیں میرے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے کبھی بند نہیں ہونگے کسی کو وقت لینے یا میرے دروازے پر دستک دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی پانچ سال طویل سفر طے کرنا ہے خود کو کرسی یا دفتر تک محدود نہیں رکھوں گا۔
نئی بھرتی نہیں ہو گی‘ مدت ملازمت میں توسیع کا کلچر ختم کر دینگے: ایاز صادق
Jul 05, 2013