فٹبال ورلڈکپ : جرمنی فرانس کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Jul 05, 2014

ریو ڈی جنیرو (سپورٹس ڈیسک )جرمنی نے برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں جرمنی نے فرانس کو ایک گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔جرمنی کی ٹیم چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ میچ میں آغاز سے ہی جرمن ٹیم کا پلا بھاری رہا اور اس نے گیند زیادہ عرصے اپنے قبضے میں رکھی۔میچ کے ابتدائی دس منٹ میں جرمن کھلاڑیوں نے کئی اچھی مووز تو بنائیں لیکن وہ فرانسیسی گول کیپر کو پریشان نہ کر سکے۔تاہم 13ویں منٹ میں جرمنی نے اس وقت برتری حاصل کر لی جب اس میچ کے لیے شامل کیے جانے والے میٹس ہملز نے کروس کی فری کک پر گیند خوبصورت ہیڈر سے فرانسیسی گول میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔فرانسیسی ٹیم ایک گول کا خسارہ ختم کرنے میں ناکام رہی۔خسارے میں جانے کے بعد فرانسیسی ٹیم نے بہتر اور جارحانہ کھیل پیش کیا اور انھیں گول کرنے کے کئی اچھے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔پہلے ہاف کے خاتمے پر جرمن ٹیم کی برتری برقرار رہی۔دوسرے ہاف میں فرانس نے جارحانہ کھیل جاری رکھا لیکن جرمن کیپر مینوئل نوئر نے فرانسیسی فارورڈز کی ایک نہ چلنے دی اور گول نہ ہونے دیا۔میچ کے آخری لمحات میں بھی فرانس کو گول کرنے کا موقع ملا لیکن کریم بینزیما کی شاٹ کیپر نے عمدگی سے روک لی۔اس فتح کے نتیجے میں اب سیمی فائنل میں جرمنی کا مقابلہ8جولائی کو برازیل اور کولمبیا کے مابین ہونے والے دوسرے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔  تیسرا اور چوتھا کوارٹرفائنل آج کھیلا جائیگا۔ آج تیسرے کوارٹرفائنل مقابلے میں ارجنٹائن اور بیلجیئم کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہو گا۔ ارجنٹائن نے سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا جبکہ بیلجیئم نے کوارٹرفائنل کھیلنے کیلئے امریکہ کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ چوتھے اور آخری کوارٹرفائنل میں ہالینڈ اور کوسٹاریکا کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہو گا۔ ہالینڈ نے پری کوارٹرفائنل میں میکسیکو کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ کوسٹاریکا نے پری کوارٹرفائنل میں یونان کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

مزیدخبریں