مدینہ منورہ+ جدہ+ قطیف (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) سعودی عرب کے 3شہروں مدینہ منورہ‘ جدہ اور شیعہ آبادی والے علاقے قطیف میں 24گھنٹے کے دوران 4 خودکش دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکار اور دو شہری شہید ہو گئے جبکہ 2اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ مدینہ منورہ سے 105کلو میٹر دور قطیف میں واقع مسجد العمران کے قریب دو خودکش دھماکے ہوئے تاہم یہاں کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔ جدہ میں امریکی قونصل خانے کے باہر خودکش دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ مدینہ منورہ میں جنت البقیع کے قریب دھماکہ ہوا۔ قطیف میں دھماکہ کاروباری علاقے میں ہوا۔ لوگ اس وقت عید کا چاند دیکھنے اور عید کی خریداری میں مصروف تھے۔ عرب ٹی وی کے مطابق مسجد نبوی کے قریب خودکش دھماکے میں 4سکیورٹی اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تیسرا دھماکہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب ہوا۔ دھماکے کے بعد دھوئیں کے کالے بادل دکھائی دیئے۔ تاہم سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مشق کی گئی جو معمول کی کارروائی کا حصہ تھیں۔ العربیہ کے مطابق بد بخت حملہ آور نے مسجد نبوی کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ العربیہ ٹی وی نے بتایا کہ بد بخت خود کش حملہ آور نے مسجد نبوی میں گھسنے کی کوشش کی سکیورٹی اہلکاروں نے اس کو حرم نبوی میں داخل ہونے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، حملہ آور نے مسجد نبوی کے ساتھ موجود پارکنگ میں خود کو دھماکے سے اڑا یا جہاں سکیورٹی اہلکاروں کا ایمر جنسی سینٹر موجود تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق مدینہ منورہ میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے مسجد نبوی کے ارد گرد سنیپ چیکنگ کی جا رہی ہے۔ آن لائن کا دعویٰ ہے کہ مدینہ منورہ میں ایک دھماکہ کار پارکنگ کے قریب اور ایک جنت البقیع کے قریب ہوا ہے۔ مدینہ منورہ میں دھماکہ افطاری سے کچھ دیر پہلے کیا گیا کچھ دیر بعد صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔ اور مسجد نبوی میں معمول کے مطابق افطاری ہوئی اور نماز تراویح ادا کی گئی، آن لائن کے دعویٰ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی تعداد10ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق 3افراد جاں بحق ہوئے، سعودی وزارت داخلہ نے قطیف اور مدینہ منورہ میں دھماکوں کی بھی تصدیق کی ہے سعودی ٹی وی کے مطابق مدینہ منورہ میں آف کار پارکنگ ایریا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق حملہ آور نے سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز کے قریب خود کو اڑا یا۔ سعودی وزارت داخلہ نے مدینہ منورہ میں خود کش دھماکے کی تردید کے بعد تصدیق کی سعودی حکام کے مطابق حملے میں مسجد نبوی اور اس کے اطراف و احاطے میں موجود کسی بھی ملکی وغیر ملکی شہری کو نقصان نہیں پہنچا ہے کوئی زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا جس پارکنگ میں خود کش دھماکہ ہوا ہے وہ مسجد نبوی سے خاصے فاصلے پر ہے۔ سعودی حکام نے بتایا ہے کہ مذکورہ دھماکے کے بعد مسجد نبوی اور مدینہ منورہ میں سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔