کوئٹہ + کندھ کوٹ + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) چمن پھاٹک کوئٹہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیب کا سب انسپکٹر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر مشتاق کو مسجد میں دوران نماز گولیاں ماری گئیں۔ سب انسپکٹر مشتاق نیب کوئٹہ کے محکمے میں تعینات تھا، نعش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے بولان میں کوئلے کی کان پر کام کرنے والے ایک مزدور کی تشدد زدہ نعش ملی ہے۔ مچھ میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق نعش فیاض احمد نامی شخص کی ہے جس کو نامعلوم افراد نے 21 جون کو مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کی کمپنی کے دفتر سے اغوا کیا گیا تھا اور دس روز بعد اس کو ہلاک کرنے کے بعد اسکی نعش پھینک دی گئی تھی۔ انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ فیاض احمد کو سر میں گولیاں ماری گئیں۔ تاحال اسکے اغوا اور قتل کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے۔ فیاض احمد کا تعلق پنجاب کے علاقے تونسہ شریف سے تھا اور وہ مارگٹ کے علاقے میں کوئلے کی کان کی کمپنی میں منشی کے طور پر کام کرتاتھا۔ ادھر کندھ کوٹ میں پولیس نے کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے 5 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ جبکہ پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران 4 افغان باشندوں سمیت 44 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ میں دہشتگردی کی واردات کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔ کندھ کوٹ میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کشمور فدا حسین کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ گرفتار دہشتگرد ریلوے ٹریک پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ گرفتار دونوں دہشتگرد کا تعلق کالعدم جماعت کے اہم کارندے صادق بادشاہ سے ہے۔ ادھر پشاور پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 4 افغان باشندوں سمیت 44 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔گرفتار افراد سے منشیات، پستول اور متعدد کارتوس برآمدکئے گئے۔ سرچ آپریشن تھانہ بھانہ ماڑی اور فقیر آباد کی حدود میں کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایف سی نے ماشکیل میں کارروائی کرکے 950 کلو افیون برآمد کی ہے۔