ڈھاکہ حملے میں ملوث ہونے کا الزام بے بنیاد‘ بھارتی بدنیتی ثابت ہو گئی : پاکستان

Jul 05, 2016

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیٹ نیوز) دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا میں آنے والی ڈھاکہ میں حالیہ دہشت گردی کے حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کی خبروں کو انتہائی قابل افسوس‘ غیرذمہ دارانہ اشتعال انگیز اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ان الزامات کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم کے مشیر پروفیسر گوہر رضوی نے اپنے بیان میں بھارتی میڈیا کی اس خبر کی تردید کی تھی جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے بتایا گیا کہ اس حملے میں پاکستان ملوث ہے۔ اس خبر سے بھارتی میڈیا کے عزائم واضح ہوتے ہیں۔ پروفیسر رضوی نے بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر سے رابطہ کر کے بھی وضاحت کی کہ انھوں نے پاکستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا اور یہ کہ بھارتی خبر غلط ہے۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کو یہ بات حکومت پاکستان تک پہنچانے کی ہدایت بھی کی تھی تاکہ دونوں حکومتوں کے درمیان غلط فہمی پیدا نہ ہوسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پروفیسر رضوی کی فوری تردید کا خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان پہلے ہی ڈھاکہ میں حملے کی مذمت کرچکا ہے بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کرچکا ہے۔ بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل و صورت میں مذمت کرتا ہے۔ خود دہشت گردی کا شکار ہونے والے ملک کے ناطے پاکستان پروفیسر رضوی کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں انھوں نے دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی بات کی ہے۔ بی بی سی کے مطابق اگرچہ بھارتی میں میڈیا میں پاکستان مخالف خبریں اکثر نشر ہوتی رہتی ہیں لیکن وزارت خارجہ کے اس بیان سے محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان اس خبر پر خاموش نہیں رہ سکتا تھا۔ بھارت کا طرز عمل بالکل غیرذمہ دارانہ ہے۔ نفیس زکریا نے بھارتی ذرائع ابلاغ کی الزام تراشی پر ردعمل میں کہا کہ ’ان الزامات کی کوئی حقیقت نہیں‘ پاکستان ایسے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ واضح رہے بھارتی میڈیا نے خبریں شائع کی تھیں کہ بنگلہ دیش کے وزیر اطلاعات حسن الملک اور وزیراعظم کے مشیر گوہر رضوی نے ڈھاکہ میں دہشت گردوں کے حملوں کا آئی ایس آئی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ گوہر رضوی نے ڈھاکہ میں متعین پاکستان کے ہائی کمشنر سے رابطہ کرکے وضاحت کی کہ انہوں نے پاکستان کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا اور کہا کہ اس احمقانہ غلطی کا بھارتی میڈیا خود ذمہ دار ہے۔ نفیس زکریا نے کہاکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے‘ دہشت گردی کا سب سے زیادہ پاکستان خود شکار رہا ہے۔

مزیدخبریں