کراچی(وقائع نگار ) وفاقی وزارت قانون کی جانب سے نیب آرڈیننس منسوخی بل مسترد کرنے کے بیا ن پرسندھ کے وزیر قانون و جیل خانہ جات ضیاءالحسن لنجار نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 18 ویں ترمیم نے صوبائی حقوق کویقینی بنایا اب ہرصوبا اپنے حق لے سکتا ہے،نیب میں چوربیٹھے ہیں سندھ کے عوام کو چوروں سے بچائینگے۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آمرکا قانون اب سندھ میں رائج نہیں رہیگا،نوازشریف نے نیب کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا،ن لیگ کے ہردور میں نیب کو سیاسی دفتر بنادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو سیاسی ہراساں کیا گیا،سندھ میں نیب کی مداخلت ختم کرکے بہتر متوازی قانون لا رہے ہیں،سندھ حکومت کا اختیار ہے کہ عوام کی بہتری کے لئے قانون سازی کرے۔ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ نیب پنجاب میں کوئی کارروائی نہیں کر رہا، پنجاب میں پانامہ جیسے بہت بڑے چور بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو اعلی عدالتوں نے بھی غیر ذمہ د ار قرار دیا ہے،کالا قانون اور کرپٹ نیب چیئرمین کی سندھ میں حکمرانی نہیں چلنے دیں گے۔