قومی ہاکی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کا موجودہ مینجمنٹ کے زیر سایہ کھیلنے سے انکار

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کی موجودہ مینجمنٹ کے زیر سایہ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کی پسند نہ پسند کی بنیاد پر سینئر کھلاڑیوں کو بغیر کسی وجہ کے ٹیم سے باہر کیا تھا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان ٹیم کو ورلڈ ہاکی لیگ میں بری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بعض سینئر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جھوٹی انا نے پاکستان کے قومی کھیل کو سخت نقصان پہنچایا ہے جس کی تلافی نہیں کی جا سکتی ہے۔ بعض سینئر کھلاڑیوں نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایا کہ فیڈریشن کے اعلٰی عہدیداران نے اگر اب بھی مینجمنٹ کو برقرار رکھا تو نوجوان کھلاڑی قومی کھیل کی طرف نہیں آئیں گے۔ ایک سینئر کھلاڑی کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیڈریشن نے اگر ایسا نہ کیا تو مزید کھلاڑی بھی باغی لسٹ میں شامل ہو جائیں گے جس کے بعد فیڈریشن کی مشکلات میں اضافہ ہو جائے گا۔ پی ایچ ایف کسی باصلاحیت کوچ کو ٹیم کی ذمہ داری سونپے جو قومی کھیل کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ میں پسند اور نا پسند کی بنا پر پہلے ہی کھلاڑی غیر ملکی شہریت لے رہے ہیں اور موجودہ وقت میں ٹیم میں پچاس فیصد کھلاڑیوں نے غیر ملکی شہریت حاصل کر لی ہے اور مزید تیس فیصد نوجوان کھلاڑی اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح انہیں بھی غیر ملکی شہریت مل جائے تاکہ بین الاقوامی لیگز میں شرکت کے لیے انہیں پی ایچ ایف انتظامیہ کی من سماجت نہ کرنی پڑے۔

ای پیپر دی نیشن