کوآپریٹوز کا معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی معاشی نمو اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ہے، ذوالفقار حیدر

اسلام آباد (اے پی پی) چیف کمشنر اسلام آباد و سیکرٹری کوآپریٹوز ذوالفقار حیدر نے کہا ہے کہ کوآپریٹوز کا معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی معاشی نمو اور پائیدار ترقی میں اہم کردار ہے، کوآپریٹو سوسائٹی ڈیپارٹمنٹ، کوآپریٹوز سوسائٹیوںکو سازگار ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوآپریٹوز کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا۔ چیف کمشنر نے کہا کہ دنیا بھر کے کوآپریٹوز بہتر معاشروں کے قیام اور اراکین کو عام آدمی کی ضروریات پوری کرنے کے قابل بنانے کے لئے یہ دن منا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام اس دن کو منانا کوآپریٹوز کے کردار کا اعتراف ہے جو عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے، آگاہی اور ترقی کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ دن ہمیں منفرد موقع فراہم کرتا ہے کہ کوآپریٹو اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دے کر بین الاقوامی کوآپریٹو تحریک کو مستحکم بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے نادار اور پسے ہوئے طبقات کی پائیدار ترقی اور اقتصادی نمو اور انہیں بااختیار بنانے میں کوآپریٹو کا ایک موثر کردار ہے اور پاکستان میں سب سے کامیاب کوآپریٹو اس کی مثال ہے۔ چیف کمشنر نے کوآپریٹو کے شعبہ کی ترقی میں حکومتی تعاون کی اہمیت کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا کوآپریٹو سوسائٹی کا شعبہ کوآپریٹو سوسائٹیوں کو اپنا موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لئے مکمل سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن