حیدرآباد+ سرگودھا+ جوہرآباد (آن لائن+ نامہ نگاران) حیدرآباد اور سرگودھا میں ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے قریب ہٹڑی بائی پاس پر قومی شاہراہ پر بہاولپور سے کراچی جانے والی تیزرفتار بس موڑ کاٹتے ہوئے اُلٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ37 مسافر زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پانچ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق افراد میں خاتون بھی شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوں میں بچوں کی بھی بڑی تعداد ہے۔ واقعہ کے بعد بس کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ جوہر آباد+ سرگودھا سے نامہ نگاران کے مطابق گزشتہ روزدریائے جہلم خوشاب روڈ پٹرولنگ چوکی کے سامنے والے موڑ میں ٹرالے کی ہنڈائی سے ٹکر کے نتیجہ میں تین افراد موقع جاں بحق، جاں بحق ہونے والوں میں محمد حیات ، محمد سعید جن کا تعلق 66چک شمالی سلانوالی اور ایک امام بخش 135چک شمالی سلانوالی کا تھا جبکہ زخمی ہونے والے محمد امیر ، احسان اللہ اور محمد طارق شامل ہیں زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور وہاں زیرعلاج ہیں معلوم ہو کہ یہ وین خوشاب منڈی مویشیاں آرہی تھی اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر نیئر عالم نے بتایا کہ پٹرولنگ چیک پوسٹ خوشاب کے نزدیک سلانوالی سے آنیوالی ڈالہ اور ہیوی ٹرالہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں سلانوالی کے محمد حیات ، محمد سعید اور امام بخش موقع پر جاںبحق ہو گئے ۔ احسان اللہ ، محمد طارق، محمد امجد اور حیات خان زخمی ہوگئے ۔ جنہیں ریسکیو 1122 نے طبی امداد دے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال علاج کے لئے شفٹ کردیا گیا۔ زخمیوں کو گاڑی کا پچھلا حصہ کاٹ کر نکالا گیا۔ناران میں خیبر ایجنسی کے 3 دوست جاں بحق خیبر پی کے اور گلگت بلتستان کے سرحدی علاقہ بابو سر ٹاپ میں گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے خیبر ایجنسی کے 3 نوجوان دوست جاں بحق ہوگئے، امدادی ٹیموں نے نعشوں کو نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ناران کے علاقے بابوسر ٹاپ پر تیز بارش اور تیز رفتاری کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں صورت شاہ، امین شاہ اور احسان اللہ شامل ہیں جن کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے سیر و تفریح کیلئے گلگت بلتستان گئے تھے۔