لاہور ( نوائے وقت نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما و سطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ابھی تو ابتدا ہے احتسابی عمل شروع ہوا تو بہت کچھ نکلے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ مجھے اور قوم کو نہیں پتہ جے آئی ٹی میں کیا سوال کئے جا رہے ہیں جس سے جے آئی ٹی سوال کر رہی ہے پریشانی ان کے چہروں سے عیاں ہے، ان کے لہجے ، چہرے سے گھبراہٹ عیاں ہے جس سے لگتا ہے اندر کچھ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی پاکستانی قانون کے تحت کام کر رہی ہے، جبکہ جے آئی ٹی اگر بیرون ملک جا کر بیان ریکارڈ کرے گی تو ہمیں اعتراض ہو گا۔ پیپلز پارٹی نے کسی غیر آئینی ہتھکنڈے کا ساتھ پہلے دیا ہے نہ آئندہ دیگی کسی غیر آئینی عمل کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا میاں صاحب سے اس حد تک بھی پوچھ گچھ نہیں ہوئی ہے۔ حالات خراب ہونے کی ذمہ دار حکومت ہو گی، میاں صاحب پنجاب میں اداروں کے ذریعے سیاست نہ کریں ، سیاست کرنی ہے تو ضرور کریں لیکن اداروں کو تو استعمال نہ کریں۔ قمر الزمان کا مزید کہنا تھا گلو بٹ سیاست کے ذریعے جیالوں کو دبایا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ہم اپنے ہر کارکن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پیپلزپارٹی غیرآئینی ہتھکنڈوں کی حمایت نہیں کرے گی: قمر زمان کائرہ
Jul 05, 2017