نیویارک (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے اسرائیل کو بیت المقدس پر قبضہ کرنیوالا ملک قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر اپنے اجلاس میں مذمتی قرارداد پاس کر دی، یہ قرارداد گزشتہ روز اردن کے نمائندے نے یونیسکو اجلاس میں پیش کی جس کے حق میں 10رکن ممالک نے ووٹ دیئے 3ووٹ مخالفت میں آئے۔ قرارداد کے ذریعے اسرائیل پر زور دیا گیا کہ وہ مشرقی بیت المقدس خاص کر قدیم شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے نام پر تبدیلیاں اور توڑ پھوڑ بند کرے کیونکہ یہ عالمی قانون کے خلاف ہیں، مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کا قبضہ بھی غیر قانونی ہے اس شہر کو وہ خالی کرے۔ قرارداد کی دوبارہ منظوری سے بھنائے اسرائیلی سفیر برائے اقوام متحدہ ڈینی ڈینن نے یونیسکو قرارداد کی مذمت کرتے ہوئے کہا یونیسکو کی طرف سے اسرائیل کو قابض قوت قرار دینا سب سے شرمناک اقدام ہے، کوئی نام نہاد عالمی ادارہ اسرائیلی باشندوں کے بیت المقدس سے تاریخی مذہبی اور ثقافتی روابط کو نہیں کاٹ سکتا۔
یونیسکو نے اسرائیل کو پھر بیت المقدس پر قابض ملک قرار دیدیا‘ قرارداد منظور
Jul 05, 2017