لاہور (سپورٹس ڈیسک )بارسلونا فٹبال کلب نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ سابق صدر سینڈرو روسیل نے فرانسیسی کھلاڑی ایرک ابیدال کے لیے غیر قانونی طریقے سے گردہ خریدا تھا۔38 سالہ ابیدال کے گردے کا ٹرانسپلانٹ 2012 میں ہوا تھا جب ان کے گردے میں ٹیومر کی نشاندہی کی گئی۔ایرک ابیدال اب بارسلونا کلب کے ٹیکنیکل سیکریٹری ہیں۔سپین سے آنے والی اطلاعات کے مطابق کلب کے سابق صدر گردے کی خریداری میں ملوث تھے۔بارسلونا نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ سابق کھلاڑی ابیدال اور ہاسپٹل کلینک بارسلونا جہاں یہ آپریشن ہوا، نے بھی اس الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔سابق صدر سینڈرو روسیل کو 2017 میں منی لانڈرنگ کے الزامات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اب بھی حراست میں ہیں۔بارسلونا کلب نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ انھیں دکھ ہے کہ ایک انتہائی حساس موضوع کے بارے میں اس طرح کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔سپین کے ادارے نیشنل ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ انھوں نے اس معاملے پر تحقیقات شروع کردی ہیں اور وہ کاٹالن ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر اس پر کام کر رہے ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ جو معلومات ان کے پاس ہیں اس کے مطابق یہ عطیہ اور ٹرانسپلانٹ قوانین اور پروٹوکال کے مطابق ہے۔چھ سیزن تک بارسلونا کی طرف سے کھیلنے والے ایرک ابیدال ٹیم میں دفاعی کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلتے تھے۔
سابق صدر نے کھلاڑی کیلئے غیر قانونی طریقے سے گردہ نہیں خریدا‘بارسلونا کلب
Jul 05, 2018