لاہور(کامرس رپورٹر)نگران حکومت کو قرض واپس کرنے کے لیے بینکوں سے نیا قرض نہیں مل سکا، 19 کھرب کی ضرورت تھی تاہم 5 کھرب روپے بھی نہ مل سکے۔ نگران حکومت نے قرض واپس کرنے اور دوسرے اخراجات کے لیے مارکیٹ ٹریژری بلز کی نیلامی اور فروخت کے ذریعے 15 کھرب روپے کے حصول کا ہدف رکھا تھا تاہم منی مارکیٹ کی طرف سے مجموعی طور پر صرف تین ماہ کے لیے 4 کھرب 89 ارب روپے ہی دینے کی پیشکش کی گئی۔ نگران حکومت کو تین ماہ سے زیادہ مدت کے لیے کسی مالیاتی ادارے نے قرض دینے کی پیشکش ہی نہیں کی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے 3 کھرب 31 ارب 14 کروڑ روپے کے ٹریژری بلز ہی فروخت کیے ان پر6.75 فیصد سالانہ کی شرح سے سود ادا کیا جائے گا۔ واضح رہے حکومت نے رواں ہفتے کے دوران 19 کھرب 29 ارب روپے کے اندرونی قرضے واپس کرنے ہیں۔ نگران حکومت کو گزشتہ ماہ بھی منی مارکیٹ سے مطلوبہ مالیت میں قرض نہیں مل سکا تھا۔
قرضے
نگران حکومت کو اندرونی قرضے واپس کرنے کیلئے بنکوں سے نیا قرضہ نہ مل سکا
Jul 05, 2018