کرکوک(این این آئی)عراق میں الیکشن کمیشن نے بتایاہے کہ کرکوک شہر میں ووٹوں کی ہاتھوں سے گنتی شروع کر دی گئی ہے۔ عراق میں 12 مئی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد سے مختلف حلقوں اور جماعتوں کی جانب سے جعل سازی کے الزامات اور دعوے سامنے آ چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراق میں خود مختار اور آزاد انتخابی کمیشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ماہ مئی میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں ووٹوں کی ہاتھوں سے گنتی کا آغاز ہو گیاہے۔ بیان کے مطابق ہاتھوں کے ذریعے صرف اْن ووٹوں کی گنتی کی جائے گی جن کے حوالے سے انتخابی کمیشن کو شکایات یا جعل سازی کی سرکاری طور پر رپورٹیں موصول ہوئیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا آغاز کرکوک سے کیاگیاہے۔ بعد ازاں اس میں مزید 6 صوبے سلیمانیہ، اربیل، دھوک، نینوی، صلاح الدین اور انبار کو شامل کیا جائے گا۔عراق میں فیڈرل سپریم کورٹ نے 21 جون کو عراقی پارلیمنٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے قانون ساز انتخابات کے سلسلے میں ہاتھ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔