اسلام آبادکی گرین بیلٹس پر کھیلوں کے نام سے قبضوں کا انکشاف

Jul 05, 2019

اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر )شہر اقتدارکی گرین بیلٹس پر کھیلوں کے نام پر قبضوں کا انکشاف ہوا ہے ،یہ انکشاف اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے جو سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔میٹروپولیٹین کارپوریشن(ایم سی آئی)کی طرف سے سپریم کور ٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ نائنتھ ایوینیو،جناح ایوینو،ابن سینا روڈ سمیت 7مقامات کی سیکٹروں کنال اراضی پر قبضہ کیا گیاہے۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ شہرکی اہم شاہراہوں پر واقع گرین بیلٹس پر کرکٹ اکیڈمی اور کرکٹ کے میدانوں کے نام پر قبضے کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں قبضہ کرنے والوں کو کرکٹ مافیا قرار دیاگیاہے۔عدالت عظمی میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں لکھا گیا ہیکہ کرکٹ مافیا سرکاری زمین کا کمرشل استعمال کر رہا ہے،اور اس اراضی سے ماہانہ لاکھوں روپے کما رہا ہے۔پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کی طر ف سے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو قبضہ چھڑانے کا حکم دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود گرین بیلٹس واگزار نہیں کرائی جاسکیں۔

مزیدخبریں