اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی مذاکرات ہوئے۔ ایران نے پاکستان کو تجارت کیلئے مزید بارڈر پوائنٹ کھولنے کی درخواست کر دی، اور چاول کی جلد درآمد کیلئے پاکستان سے تجاویز مانگ لیں۔ اعلامیہ کے مطابق پاک ایران وزراء تجارت کی مشترکہ کمیٹی کا آٹھواں اجلاس ہوا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم کم ہے۔ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے ایران تجارتی رکاوٹیں دور کرے۔ زرعی مصنوعات فوڈ آئٹمز فارماسوٹیکل سے باہمی تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ بارڈر ٹریڈ میں پاکستان ایران کو گندم چاول چینی پھل کی برآمد بڑھا سکتا ہے۔ وزارت تجارت اعلامیہ کے مطابق ایران نے یارڈر ٹریڈ کیلئے کمیٹی بنانے کی تجویز دیدی اور پاکستان سے پانچ لاکھ ٹن چاول درآمد کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے ایران سے روڈ اور لوڈ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ تجارتی سامان لیکر ایران جانے والی گاڑیوں پر روڈ اور لوڈ ٹیکس ختم کیا جائے۔ ایرانی وزیر تجارت رضا رحمانی نے کہا کہ ایران تجارتی رکاوٹوں کو دور کرے گا، ہمسایہ ممالک ہونے کے ناطے موجودہ باہمی تجارت کو بڑھانا ہوگا۔ دو طرفہ تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیر بحری امور علی زیدی سے ایرانی وزیر صنعت و تجارت و کانکنی رضا رحمانی نے ملاقات کی۔ علی زیدی نے دونوں ممالک کے درمیان فیری اور بحری جہاز سروس بحال پر زور دیا۔ اعلامیہ وزارت بحری امور کے مطابق دونوں وفود نے تجارتی اشیاء کی فہرست کے تبادلے پر اتفاق کیا۔