ضیاء مارشل لاء : پی پی آج یوم سیاہ منائیگی، کوئی طاقت آئین اور پارلیمان کی بالا دستی کے اصولوں سے نہیں ہٹا سکتی: زرداری

Jul 05, 2019

شیخوپورہ (آئی این پی) سابق آرمی چیف جنرل ضیا الحق کی جانب سے لگائے جانے والے مارشل لا کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی ( آج) 5 جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زر داری نے کہا ہے، کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں آئین کی حکمرانی اور پارلیمان کی بالادستی کے اصول سے نہیں ہٹا سکتی، آئین سے انحراف کے مضر اثرات نکلیں گے۔ جس کا ملک متحمل نہیں ہے،مضبوط اور مستحکم جمہوریت میں ہی ملک کی بقا اور سلامتی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے 5 جولائی سے متعلق اپنے پیغام میں کہاکہ 5 جولائی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ پانچ جولائی کو جمہوریت پر شب خون مار کر فرقہ وارانہ تعصب، کلاشنکوف کلچر، ہیروئن کی لعنت فروغ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت اور انتہا پسندی کو جنم دینے والی سوچ  کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر جمہوری عناصر کے پاس صرف الزام تراشی کا ہتھیار ہوتا ہے تاکہ جمہوری سوچ کو دبایا جائے۔ کچھ عناصر اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ آئین سے انحراف کے مضر اثرات نکلیں گے۔ مضبوط اور مستحکم جمہوریت میں ہی ملک کی بقا اور سلامتی ہے۔

مزیدخبریں