کراچی(آن لائن+ صباح نیوز )آئل ٹینکر کنٹریکٹرز نے وِد ہولڈنگ ٹیکس میں اضافے کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری انور سادات کا کہنا ہے، کہ آئل ٹینکرز مالکان پر دو فیصد ٹیکس عائد تھا، جسے تین فیصد کردیا گیا ہے۔ حکومت ٹیکس نادہندگان کو نیٹ میں لانے کے بجائے ٹیکس ادا کرنے والوں کا خون چوس رہی ہے۔ انوار سادات نے مطالبہ کیا کہ حکومت ودہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ فوری طور پر واپس لے۔ ملک بھر میں چمڑا فیکٹریوں کے مالکان نے بھی کاروبار بند کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین ٹینریز ایسوسی ایشن نے کہا ہے آج سے تمام فیکٹریاں کھالوں کی خریداری بند کردیں گی۔ چیئرمین ٹینریز ایسوسی ایشن آغا سیدین کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا۔ زیروریٹ کی سہولت ختم ہونے کے بعد سرمایہ حکومت کے پاس نہیں پھنسا سکتے۔ بجٹ میں چمڑا سازی کے کیمیکلز پر بھی اضافی ڈیوٹی عائد کردی گئی۔ ملک بھر کی800 سے زائد چمڑا فیکٹریوں میں تالے لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔آغا سیدین نے کہا کہ عید قرباں سے حاصل ہونے والی کھالیں بھی نہیں خرید سکیں گے۔ جس سے اربوں روپے کی کھالیں ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔