محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے سے مون سون ہواؤں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، مون سون ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہورہا ہے۔
ہفتہ اور اتوار کے دوران لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، کوہاٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ پیر سے جمعرات کے دوران کشمیر میں چند ایک مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔