کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک پہلے ہی شدیدمعاشی بحران سے گزررہا ہے اور ایف پی سی سی آئی میں براسراقتدار گروپ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے،اور مختلف تاجروں کی جانب سے پاکستان کی تجارتی تنظیموں،چیمبرز اور ایسوسی ایشنزکے سالانہ انتخابات ملتوی کرانے کی مہم ناقص کارکردگی چھپانے کی ایک کوشش ہے جسے بزنس کمیونٹی کی اکثریت ناکام بنا دے گی۔ایس ایم منیر نے لاہور کے دورے کے موقع پرکاروباری برادری کے ایک وفد سے گفتگوکے دوران کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او)سے اس ضمن میں بعض عناصر کی جانب سے کئے گئے مطالبے گہری سازش کا حصہ ہیں اور ایف پی سی سی آئی میں برسراقتداربزنس مین پینل کا ایک وفد وزارت خزانہ اور وزارت تجارت پر دبائو ڈال کر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل اور رواں سال فیڈریشن میں الیکشن ملتوی کرانا چاہتا ہے کہ وہ ایف پی سی سی آئی پر قابض رہے ،ڈائریکٹر جنرل ٹریڈآرگنائزیشن سے ہماری اپیل ہے کہ مٹھی بھر عناصر کے مذموم عزائم کی تکمیل کے حصہ دار نہ بنیں ایسے غیرقانونی اقدامات کا حصہ نہ بنیں کیونکہ چندعناصر کی ذاتی خواہش کو پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی پر مسلط نہیں کیا جاسکتااس لئے ڈی جی ٹی اوقانون کے مطابق سالانہ انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کے انتظامات کریں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے جس کی تصدیق پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کررہی ہے،برسراقتدار گروپ کو چھ ماہ ہوچکے ہیں لیکن انکے کریڈٹ پر کوئی قابل ذکر کارنامہ نہیں ہے،اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ فیڈریشن کی بزنس کونسلوں میں غیرقانونی انتخابات کے ذریعہ من پسند لوگ لائے گئے ہیں جن پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا گیا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ جنوری2020سے اب تک6ماہ ہوچکے ہیں اس دوران کاروباری برادری موجودہ برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل سے مایوس ہے کیونکہ اس گروپ نے حکومت کو بزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میں کوئی تجاویز نہیں دیں بلکہ فیڈریشن کے عہدیداران، بزنس مین پینل کے عہدیداروں کے د رمیان آپس کی لڑائی فیڈریشن کی خراب ترین کارکردگی کی ایک بڑی وجہ ہے۔