کرونا: مزید 88 جاں بحق، صورتحال بہتر، احتیاط نہ کرنے پر سزا ملے گی، اسد عمر

Jul 05, 2020

اسلام آباد، کراچی (خصوصی نمائندہ+نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی متاثرین 2 لاکھ 26 ہزار 868 تک پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات 4 ہزار 661 ہیں۔ ملک میں 3089 نئے کیسز اور 69 اموات کا اضافہ ہوا۔ تاہم ملک میں ایک روز میں صحتیاب افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 471 افراد شفایاب ہوگئے۔ ملک میں کرونا وائرس کے مزید نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا کی صورتحال پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10,718 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1585 نئے مریض سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک کرونا وائرس کے 92 ہزار 306 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 42 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد جاں بحق مریضوں کی تعداد 1501 ہوگئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں مزید 1480 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد شفایاب مریضوں کی تعداد 52 ہزار 388 ہوچکی ہے۔صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس نے مزید 1341 لوگوں کو متاثر کیا جبکہ 25 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے لیے قائم پو رٹل کے مطابق صوبے میں مزید ایک ہزار 341 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی، یوں اس طرح مجموعی کیسز 80 ہزار 297 ہوگئے۔اس کے علاوہ مزید 25 افراد لقمہ اجل بنے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 1844 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 97 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں 97 کے اضافے کے بعد یہ تعداد 13 ہزار 292 ہوگئی۔ مزید ایک فرد انتقال کرگیا، مجموعی اموات 130 ہو گئیں ۔ گلگت بلتستان میں بھی کرونا وائرس نے مزید 12 افراد کو متاثر کیا۔مجموعی تعداد ایک ہزار 536 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 54 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ کیسز 1214 تک پہنچ گئے۔اموات 34 ہوگئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ریکارڈ صحتیاب مریض سامنے آئے اور اس میں 11 ہزار 471 کا بڑا اضافہ ہوا۔ تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 94 تک پہنچ گئی۔یہاں یہ مدنظر رہے کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فعال کیسز کے مقابلے میں صحتیاب افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا وبا میں ڈاکٹرز کے مشورے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد مشکل کام نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے،چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں کیونکہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں، مشکل وقت میں تمام پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں، احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں۔اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ این آئی ایچ میں نو تعمیر آئسولیشن اینڈ سپیشل ٹریٹمنٹ سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا سے متعلق صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے ، اسلام آباد میں 40 دن میں آئسولیشن ہسپتا ل مکمل کیا گیا، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم آئسو لیشن ہسپتا ل کا افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ہسپتا ل میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہاں 250 بیڈ بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو اس کی سزا بھی ملے گی، ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، عید پر گلے نہ ملنے سمیت چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں کیونکہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں تمام پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں، احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی عملے نے قومی جذبے کے تحت کرونا کا مقابلہ کیا، طبی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، عوام نے مشکل حالات میں ملک کیلئے پر خلوص جذبے سے کام کیا، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات ترجیح ہیں، کوشش ہے وباء کا پھیلا ئوروکنے کے ساتھ روزگا ربھی چلتا رہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ کرونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے کدھر ہے وہاں کا سخت ترین لاک ڈائون سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں سب سے زیادہ کرونا مریض سندھ میں صحت یاب ہوئے یہ فخر کی بات نہیں ہے پرچی چیئرمین اس کا مطالبہ سب سے زیادہ سندھ میں لوگ بیمار ہوئے تھے شہباز گل نے مزید کہا کہ 30 سال سے اس طرح کے واقعات ہی سندھ کے غریب عوام کا مقدر ہیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کرونا کے خلاف 6 فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اعلامیہ کے مطابق این سی او سی کی جانب سے فرنٹ لائن ورکرز کو اسناد سے نوازا گیا اسناد پانے والوں میں چیف ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر سکندر علی میمن، ایڈیشنل ایم ایس سول ہسپتال کراچی ڈاکٹر روبینہ ڈاکٹر نائمہ شیخ شامل ہیں۔ کسوال کے نواحی گائوں میں کرونا وائرس میں مبتلا مریض انتقال کر گیا۔ تفصیلات ذرائع کے مطابق نواحی گائوں 112 سیون آر میں اصغر علی کو 15 دنوں سے بخار،نزلہ اور کھانسی تھی اور مریض نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کررکھا تھا جو انتقال کرگیا۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر راجہ مشتاق منہاس نے کرونا کو شکست دے دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے فون پرصحت یابی پر مبارک دی۔ دو روز کے دوران سندھ پولیس میں کرونا وائرس کے 325 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے متاثر پولیس کے افسران اور جوانوں کی تعداد 1670 ہو گئی۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کرونا روکنے کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات میں فرنٹ لائن فائٹر فورس پولیس کے 16 ملازمین شہید ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے ایران کے ساتھ مغربی سرحد آج 5 جولائی بروز اتوار سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں ساتوں روز کے لئے ایران کے ساتھ مغربی سرحد کھولنے کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ دوسری طرف لاہور شہر کے سات علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان علاقوں سے ایک ایک ہزار سمارٹ ٹسٹ سمپلنگ کروائی گئی جن علاقوں سے سمارٹ لاک ڈاؤن ختم کیا گیا ان میں اندرون شہر‘ گلبرگ‘ ماڈل ٹاؤن‘ ڈی ایچ اے ‘ گلشن راوی‘ فیصل ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن شامل ہیں۔ کرونا کیسز کی تعداد کم ہونے پر ان علاقوں کو مکمل کھولنے پر اتفاق کیا گیا۔

نیویارک، لندن، بیجنگ ( آئی این پی، شنہوائ) دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں ایک بار پھر تیزی آ گئی۔ دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ 91 ہزار سے تجاوز کر گئی۔عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے اب تک 5 لاکھ 29 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ 63 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوزکرگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 28 لاکھ 90 ہزار سے زائد ہوگئی۔ برازیل میںکرونا سے اموات کی تعداد 63 ہزار 254 سے تجاوز کرگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 43 ہزار سے زائد ہوگئی۔ روس میں 6 لاکھ 67 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر اور 9 ہزار 859 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بھارت میں 6 لاکھ 49 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار سے بڑھ گئی ۔برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 44 ہزار ایک سو سے بڑھ گئی جبکہ 2 لاکھ 84 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ اٹلی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ دو لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد دو لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔پیرو میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد دو لاکھ 95 ہزار سے زائد ہے۔چلی میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 51 ہو گئی جبکہ کرونا کے کل کیسز 2 لاکھ 88 ہزار 89 ہو گئے۔میکسیکو میں کرونا وائرس سے کل اموات کی تعداد 29 ہزار 843 ہو گئی جبکہ کرونا کے کیسز 2لاکھ 45 ہزار 251 ہو گئے۔ایران میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 11 ہزار 260 ہو گئی جبکہ کرونا کے کل کیسز 2 لاکھ 35 ہزار 429 ہو گئے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس سے اب تک کل اموات 1 ہزار 802 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 1 ہزار 801 تک جا پہنچی ۔چین میں کرونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 545 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومت نے اقدامات کا اعلان کر دیا ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ا توار سے تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا، ماسک پہن کر نہ آنے والے ملازمین کو دفاتر میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا ماسک پہن کر نہ آنے والے ملازمین کو غیر حاضر قرار دیکر گھر بھیج دیا جائیگا خلاف ورزی کرنے والے دفاتر کو ایک ہفتے کیلئے بند کر دیا جائیگا جو لوگ بیماری چھپاتے ہیں وہ دیگر شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں ایران میں کرونا کیسز کی تعداد دو لاکھ 32 ہزار سے زیادہ اور اموات11 ہزار 408 ہیں ۔ کرونا وائرس کی وجہ سے تین ماہ سے زائد عرصے تک عائد پابندیوں کے بعد آج انگلینڈ میں ہوٹل، بار اور ریستوران دوبارہ کھولے جا رہے ہیں گاہکوں کو پارکنگ میں بھی خوراک اور مشروبات فراہم کئے جا سکتے ہیں تاہم اسکاٹ اینڈ ویلز اور شمالی آئر لینڈ میں ابھی تک معمولات زندگی میں نرمی نہیں کی گئی ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ دنیا بھر میں 20 گھنٹوں میں دو لاکھ 12 ہزار 326 نئے کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ دنیا میں کیسز میں اضافہ امریکہ‘ برازیل اور بھارت میں کرونا کیسز بڑھنے سے ہوا ہے۔

مزیدخبریں