روم (نوائے وقت رپورٹ) اٹلی کی پولیس نے ایمفیٹا مائن نامی دوا کی 14 ٹن گولیاں پکڑی ہیں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ انہیں دولت اسلامیہ کی مالی مدد کیلئے شام میں تیار کیا گیا تھا۔ پولیس کے خیال میں دوا کا اتنا بڑا ذخیرہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ کیپٹا گون کی ان آٹھ کروڑ 40 لاکھ گولیوں کی مالیت کا تخمینہ ایک ارب یورو لگایا گیا ہے۔ یہ ذخیرہ اٹلی کی بندر گاہ سالرنو میں پکڑا گیا۔ ان گولیوں کو گاڑیوں کے گیئر میں استعمال ہونے والی گراریوں کے بڑے بڑے ڈرموں میں چھپایا گیا تھا۔ اٹلی کی پولیس اس واقعے میں مقامی جرائم پیشہ گروہوں کے ملوث ہونے کے بارے میں تفتیش کر رہی ہے۔ اٹلی کے علاقے نیبلس کی پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کچھ عرصے پہلے تک شام کے بڑے علاقوں پر قابض شدت پسند گروپ نام نہاد دولت اسلامیہ پر شبہ ہے کہ وہ اپنے مالی وسائل میں اضافے کیلئے اس دوا کو بڑے پیمانے پر تیار کر رہی ہے۔
دولت اسلامیہ فنڈنگ کیلئے سمگل ہونیوالی 14 ٹن دوا ’’کیپٹاگون‘‘ اٹلی میں ضبط
Jul 05, 2020