اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پارک لین ریفرنس میں احتساب عدالت نے کل چھ جولائی کو سابق صدر آصف علی زرداری پر ہر صورت فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ عدالت نے زرداری کی طبیعت خراب ہونے کی صورت انکے گھر یا ہسپتال سے ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا، رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کراچی کو انتظامات مکمل کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔ آصف علی زرداری کی خراب صحت ہونے پر انکے گھر یا ہسپتال میں انکی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ چھ جولائی کو کراچی میں موجود ملزموں کی ویڈیو لنک پر حاضری یقینی بنائی جائے، 6 جولائی کو نیب کراچی آصف زرداری سمیت تمام ملزموں کو حاضری یقینی بنائے۔ نیب کراچی کو ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ خط میں کہا گیا کہ ملزم خواجہ انور مجید، فاروق عبداللہ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کیلئے نیب کراچی میں ویڈیو لنک انتظامات کیے جائیں۔ خط میں ملزموں کی شناخت کے لیے نیب کو عدالتی معاونت کے لیے اپنے نمائندے مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی، چھ جولائی کو صبح ساڑھے نو بجے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
پارک لین ریفرنس: آصف زرداری پر کل ہر صورت فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
Jul 05, 2020