ملتان( کرائم رپورٹر )ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ساؤتھ پنجاب انعام غنی نے گزشتہ روز بھی انتہائی مصروف دن گزارا اور مختلف پولیس محکموں اور سکیورٹی ایجنسیوں سے بریفننگ لیتے رہے۔اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ نے ریجنل پولیس آفس میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور امن و امان کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان،سی پی او حسن رضا،کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج گوہر مشتاق بھٹہ،ایس ایس پی آر آئی بی محمد معصوم اور ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب انعام غنی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مثالی امن و امان کا قیام ترجیح ہے ماضی کی طرح عوام کو پولیس سے متعلق شکایات اور انصاف نے حصول کیلئے لاہور چکر نہیں لگانے پڑینگے۔انہوں نے کہا کہ وہ دفتر میں بیٹھ کر ڈاک نکالنے کے بجائے پولیس سسٹم کی بہتری اور سروس ڈیلویری کیلئے ہر ضلع کی خود انسپکشن کرینگے اور عوام سے پولیس کی کارکردگی کا فیڈ بیک لیکر اپنی حکمت عملی مرتب کرینگے۔انعام غنی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب کے احکامات پر بہاولپور کے عوام کیلئے بھی سب آفس قائم کیا جائے گا جہاں وہ ملتان کی طرح کی مکمل انتظامی امور سرانجام دینگے۔ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ ملتان بہاولپور اور ڈیرہ غازی کی عوام کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کا ٹاسک مکمل کرنے کیلئے پوری ٹیم مکمل تیار ہے اور اس حوالے سے آر پی آوز اور ڈی پی اوز کو مکمل تعاون اور وسائل فراہم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں پولیس سے متعلق شکایات تھانے کی سطح پر موصول ہوتی ہیں جن کے ازالے کیلئے موثر مانیٹرنگ کا نظام وضح کیا جارہا ہے۔جنوبی پنجاب میں قبضہ مافیا اور جھوٹے مقدمات کے خاتمے کیلئے تمام ضلعی پولیس سربراہان خصوصی اقدامات کریں۔اجلاس میں بریفننگ دیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے کہا کہ ریجن بھر میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن جاری ہے اور جرائم کا گراف نمایاں طور پر نیچے آیا ہے۔بعد ازاں اجلاسں میں اے آئی جی ساؤتھ پنجاب کو ریجن بھر کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
قبضہ مافیاز اورچھوٹے مقدمات کے خاتمہ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں
Jul 05, 2020