واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمارے بچوں کو اسکولوں میں ملک سے نفرت کا سبق پڑھایا جا رہا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مضبوط امریکہ اور مضبوط ملٹری چاہتے ہیں۔ ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو بائیں بازو کی سیاست سے خطرہ ہے تاہم ہم بائیں بازو کی سیاست کا مقابلہ کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے بچوں کو اسکولوں میں ملک سے نفرت کا سبق پڑھایا جا رہا ہے۔
گزشتہ ماہ امریکی صدر نے امریکی آرمی اکیڈمی کی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہم دنیا میں نہ ختم ہونے والی جنگوں کا خاتمہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دور دراز ملکوں کے مسائل حل کرنا امریکی فوج کی ذمہ داری نہیں ہے کیونکہ امریکہ دنیا کا پولیس مین نہیں ہے تاہم کہیں بھی امریکی شہری کو خطرہ ہوا تو کارروائی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر 2020 میں صدارتی الیکشن ہار گیا تو پھر کچھ اور کروں گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مشتبہ افراد کو روکنے کے لیے گلے کو مضبوطی سے پکڑنے کو ختم کرنا ہو گا۔ چوک ہولڈز پر پابندی عائد کرنا اچھی چیز ہے کچھ حالات کے لیے ہمیں اس کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ ملک میں پولیس کا مضبوط قانون دیکھنا چاہتا ہوں۔
دوسری جانب امریکہ کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے واشنگٹن میں مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ چہل قدمی پر معذرت کر لی تھی۔ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اس ماحول میں ان کی موجودگی سے یہ تاثر گیا کہ امریکی فوج ملکی سیاست میں ملوث ہے۔