لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے حفاظتی اقدامات عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے زمینی صورتحال کو مدنظر رکھ کر ملک و قوم کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ سردار عثمان بزدار نے سکیورٹی کے بغیر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے خود گاڑی ڈرائیو کی اورگلبرگ، جیل روڈ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن اوردیگر علاقوں میں حکومتی اقدامات پر عملدر آمدکی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔
سردار عثمان بزدار نے دوران ڈیوٹی بعض پولیس اہلکاروں کی جانب سے ماسک پہننے کی پابندی پر عملدرآمد نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ باہر نکلتے وقت ماسک پہننا ہر شہری کیلئے ضروری ہے۔ ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا عوام کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔ حکومت کا ہر لمحہ عوام کو کورونا وباء سے بچانے کیلئے وقف ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ آزمائش کے وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔