لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کہا ہے کہ جنسی تشدد کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ حکومت فحاشی وعریانی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد ابوہریرہ کریم بلاک اقبال ٹائون میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے لئے بھی کوئی ضابطہ اخلاق بنایا جائے۔ الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والے اشتہارات میں معاشرتی اقدار اور اخلاقی تقاضوں کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔پاکستان مغرب جیسے آزادانہ ماحول کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لباس سمیت تمام معاملات زندگی میں اخلاقیات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ معاشرہ پہلے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہا ہے‘ ایسی صورتحال میں تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر انہوں نے شیخ الحدیث مولانا مفتی عبیداللہ عفیف کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔