ریو دی جنیرو(آئی این پی)کوپا امریکا کپ میں برازیل کے اسٹرائیکر گیبریئل جیزز نے گیند کے حصول کی جدوجہد کے دوران چلی کے کھلاڑی کو فلائنگ کک مار دی جس پر انہیں ریڈ لارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ریو دی جنیرو میں جمعہ کو چلی اور میزبان برازیل کے درمیان کھیلے گئے کوپا امریکا کپ کے میچ میں 1-0 کی فتح کی بدولت برازیل کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔میچ کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی لیکن کھیل کے 46ویں منٹ میں برازیل نے گول اسکور کرکے برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔البتہ میچ کے دوسرے ہاف کے تیسرے منٹ میں ایک واقعہ پیش آیا جس کے باعث برازیل کی ٹیم اپنے اہم اسٹرائیکر کی خدمات سے محروم ہو گئی۔کوارٹر فائنل کے 48ویں منٹ میں گیند چلی کے کھلاڑی یوجینیو مینا کے پاس جا رہی تھی اور گیند کے حصول کے لیے گیبریئل جیزز نے گیند کو فلائنگ کک مارنے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک گیند نکل چکی تھی اور ان کی کک سیدھا چلی کے کھلاڑی کے منہ پر جا لگی اور وہ زمین پر ڈھیر ہو گئے۔