اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید29 افرادجاں بحق، اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار408 تک پہنچ گئی،1228 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔ فعال کیسز 32 ہزار621 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک ملک بھر میں 1 کروڑ66 لاکھ ہزار 30 کرونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔4 افراد کی حالت تشویشناک ہو گئی، موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کی تعداد 1 ہزار 875 ہے۔ پاکستان میں لگائی جانے والی ویکسین کی تعداد1کروڑ70 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ تمام اکائیوں کو بھی این سی او سی کی جانب سے عیدالاضحی کیلئے مفصل ہدایات جاری کر دی گئیں۔ مویشی منڈیاں شہر سے باہر لگائی جائیں گی اور کرونا ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں کرونا کو مجموعی صورت حال اور ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے ڈی جی این سی او سی کی قیادت میں وفد کا دورہ کیا۔ ملک بھر کے منتخب کردہ ویکسینیشن سینٹرز پر موڈرنا ویکسین آج پیر سے موجود ہو گی۔ این سی او سی کے مطابق یورپ، سعودی عرب، امریکہ سمیت بیرون ملک جانے والوں کو موڈرنا ویکسین آج پیر سے لگائی جائے گی اور ملک بھر کے 37 شہروں میں 49 سینٹرز پر موڈرنا ویکسین لگائی جائے گی۔ کراچی میں کرونا کا پھیلاؤ نہ تھم سکا اور 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح تقریباً 11 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل اینڈ کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 700 کے قریب نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ ایمریٹس ائرلائن نے متحدہ عرب امارات حکومت کی ہدایت پر کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان‘ بنگلہ دیش اور سری لنکا سے 15 جولائی تک پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکہ سے آئی میڈرنا ویکسین کی سپلائی فیصل آباد پہنچا دی گئی۔ کوالالمپور اور ملحقہ ملائیشیا کی مرکزی معاشی ریاست سلنگور میں روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے نصف سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔چین سے سائنو فام ویکسین کی مزید 7 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ رات گئے ویکسین کی مزید 6 لاکھ ڈوزز کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچی۔