واشنگٹن(این این آئی ) امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکوں کی فراہمی پاکستان کے ساتھ امریکا کی 'پائیدار دوستی' اور کووِڈ 19 کے خلاف لڑائی میں تعاون کا مظہر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے ویکسینز اسلام آباد میں حکام کے حوالے کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد امریکی سیکریٹری نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہم دنیا بھر میں اس عالمی وبا کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔پاکستان کو عطیہ کی گئی ویکسینز امریکا کی جانب سے دنیا بھر میں ویکسین کی 8 کروڑ خوراکوں کی فراہمی کا حصہ ہے۔رواں برس مئی میں پاکستان کو امریکی حمایت سے چلنے والے اقوامِ متحدہ کے پروگرام کوویکس کے تحت ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں موصول ہوئی تھیں۔بعدازاں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور انجیلا پی ایگیلر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ مستقبل میں واشنگٹن مزید ویکیسنزبھیجے گا۔واشنگٹن میں امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا تھا کہ یہ فراہمی پاکستانی عوام کے ساتھ ہمارے تعلقات اور جتنے زیادہ افراد کو جتنی جلد ممکن ہو ویکسینیٹ کر کے عالمی وبا کو شکست دینے کے عزم کو واضح کرتی ہے۔خیال رہے کہ ہفتے کے روز امریکا نے کوویکس پروگرام کے تحت بنگلہ دیش کو بھی موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کی ہیں۔ٹونی بلنکن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ تمام کھیپیں بھجوانے کاایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے زندگیاں بچانا اور یہ تو محض شروعات ہے۔
ویکسین کی فراہمی پاکستان،امریکہ تعلقات کی پائیداری کا مظہر : امریکی وزیرخارجہ
Jul 05, 2021