لاہور (نامہ نگار) وحدت کالونی تھانے میں نوجوان پر زیادتی کا پرچہ درج کرانے والی برطانیہ پلٹ لڑکی نوسرباز نکلی۔ جعلساز لڑکی خود کو برطانیہ پلٹ ظاہر کر کے نوجوانوں کیخلاف مقدمات درج کرا کر پیسے بٹورنے میں ملوث ہے۔ پولیس نے حقائق کی روشنی میں نوجوان فیضان کیخلاف مقدمہ خارج کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان کے نوٹس پر خاتون سے ریپ کیس کا معمہ حل ہوگیا ہے۔ لڑکی ولیحہ عرفات نے ملزم فیضان کے خلاف ریپ کا مقدمہ تھانہ وحدت کالونی میں درج کروایا تھا۔ جس پر جینڈر سیل اقبال ٹاؤن کی تفتیشی روبی سیرت نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم فیضان کو گرفتار کیا۔ دوران تفتیش مدعیہ مقدمہ نے روبرو عدالت میڈیکل کروانے سے انکار کردیا۔ مدعیہ مقدمہ کا پولیس ریکارڈ چیک کروانے پر ولیحہ پیشہ ور مقدمہ باز نکلی۔ ولیحہ عرفات نے اس مقدمے میں بھی اپنا نام امان لکھواکر پولیس کو گمراہ کیا اور درجن سے زائد مقدمات میں مدعیہ، ملزمہ اور متاثرہ نکلی۔ ولیحہ عرفات شہریوں کو مقدمات میں پھنسا کر پیسے بٹورتی تھی اور ہر مقدمے میں اپنا نام تبدیل کرتی اور جعلی شناختی کارڈ استعمال کرتی تھی۔ مدعیہ مقدمہ نے روبرو عدالت مقدمہ خارج کرنے کا بیان ریکار ڈ کروایا۔ حقائق کی روشنی میں شہری فیضان کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال خان نے کہا ہمارا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کرنا ہے۔
وحدت کالونی: نوجوان پر زیادتی کا مقدمہ کرانے والی لڑکی نوسرباز نکلی‘ پولس نے کیس خارج کر دیا
Jul 05, 2021