اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی سوات میں تفریح کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں ن لیگی رہنما سوات کے تفریحی مقام مالم جبہ میں زپ لائن رائیڈ سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ان کی ویڈیو سامنے آنے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی ردعمل دے ڈالا۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراطلاعات فواد حسین نے مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے نون لیگ کی لیڈرشپ سوات میں اچھی تفریحی سہولتوں سے خوب لطف اندوز ہوئی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھی حکومت کے ثمرات سے ہر شہری فائدہ اٹھاتا ہے، چاہے وہ حکومت کا مخالف ہی کیوں نہ ہو۔ وزیر اطلاعات نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے وزیر اعلی خیبرپختونخواہ محمود خان سے کہا ہے کہ ان مہمانوں کا خیال بھی رکھیں لیکن ان پر کڑی نظر بھی رکھیں۔