کراچی (اے پی پی)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈزبیراحمد چنہ نے ہدایت کی ہے کہا کہ عیدالا ضحی کے دوران قربانی کے جانوروں کی آلائشیں لینڈ فل سائٹس پر مدفون کی جائیں جبکہ جن اضلاع سے لینڈ فل سائٹس کا فاصلہ زیادہ ہے وہاں کے لئے انہوں نے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرزسے قریبی خالی جگہوں کی تجاویز طلب کی ہیں، چائنیز کمپنیزعیدالاضحی آپریشن کے لئے اضافی گاڑیاں اور اضافی عملے کا مکمل پلان جلد پیش کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے اتوار کو عیدالضحی کے انتظامات کے سلسلے میںتمام امور کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں سیکریٹری شہباز طاہر، ایگزیکٹو ڈائریکٹرآپریشن طارق نظامانی، ڈائریکٹرضلع شرقی مشیر احمد، ڈائریکٹرملیر فرید مگسی، ڈپٹی ڈائریکٹرجنوبی غلام عباس منگریو، ڈپٹی ڈائریکٹر کیماڑی جمال شاہ و چائنیز کمپنی کے عہدیداران موجود تھے۔ زبیراحمد چنہ نے مزید کہا کہ آلائشیں اٹھانے کے ساتھ معمول کا کچرا اٹھانے کا عمل متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے چائنیزکمپنی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منظم منصوبہ بندی کے ذریعے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا، اس سلسلے میں حکمت عملی جلد تیارکریں۔مزید براںانہوں نے اجلاس میں سینیٹری ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی اور حاضری کا عمل صبح 9 بجے کے بعد بند کرنے کی بھی ہدایت کی۔