کراچی (اے پی پی)کراچی میں میٹرک کے امتحانات میں شرکت کے لئے بورڈ آفس میں ایڈمٹ کارڈ کے حصول کیلئے طلبا اور والدین کا رش اتوار کے روز بھی رہا۔ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے بورڈ انتظامیہ کے رویے اور غفلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں میٹرک کے امتحانات میں چند گھنٹے باقی ہیں۔میڈیا ڈپارٹمنٹ پی ٹی آئی سے جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کا طلبا کو ایڈمٹ کارڈ سے محروم رکھنا قابل مذمت ہے، بورڈ آفس میں اتوار کے روز بھی بچے والدین کے ہمراہ ایڈمٹ کارڈ کے حصول کیلئے دھکے کھارہے ہیں، صوبائی وزیر تعلیم کے امتحانات سے متعلق دعوئوں کی قلعی کھل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بورڈ انتظامیہ جان بوجھ کر کراچی کے بچوں کا مستقبل مشکل میں ڈال رہی ہے،سندھ حکومت کراچی کے بچوں سے ان کی بے بسی کا امتحان لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمٹ کارڈ کی آڑ میں بچوں کے ساتھ کی جانے والی زیادتی پر خاموش نہیں رہیں گے، بورڈ انتظامیہ کی نااہلی سے طلبا اور والدین ذہنی اذیت میں مبتلا ہے، بورڈ آفس میں ایسے والدین بھی موجود ہیں جنہیں فیسوں کیلئے حراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایجوکیشن کو اپنے کاروبار کا ذریعہ بنانے سے گرہیز کرے،کراچی کے طالب علم پرائیویٹ اور سرکاری مافیا کے درمیان بری طرح پھنس چکے ہیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر تعلیم اور چئیرمین بورڈ سے طلبا کے امتحانات کیلئے مثبت اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔