کوٹ ادو (خبر نگار) کوٹ ادو وگردونواح میں نماز مغرب کے بعد شدید آندھی، بادلوں کی گرج چمک، بوندا باندی، تیز ہواؤں کے باعث درخت اکھڑ گئے بجلی کے تارٹوٹ گئے 3گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا، ٹھنڈی ہواؤں اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار،تفصیل کے مطابق گزشتہ روز نماز مغرب کے بعد کوٹ ادو میں اچانک گہرے سیاہ بادل امڈ آئے اور تھوڑی دیر بعد کوٹ ادو شہر اور نواح میں تیز آندھی شروع ہو گئی ایک گھنٹہ تک چلنے والی شدید آندھی سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ تیز ہواؤں کے باعث درخت اکھڑ گئے تناور درختوں کے بڑے ٹہنے ٹوٹ گئے جبکہ شدید آندھی کے باعث بجلی کے تارٹوٹ گئے جس سے برقی رو معطل ہوگئی تاہم 9بجے رات سے 10بجے تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوتی رہی اور ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا تاہم بجلی کی فراہمی 3گھنٹے معطل رہی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔