متحدہ عرب امارات نے امریکا کی دواساز فرم ماڈرنا کی تیار کردہ کووِڈ19کی ویکسین کی ہنگامی استعمال کے لیے منظوری دے دی ہے۔یواے ای میں یہ پانچویں ویکسین ہے جس کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی گئی ہے۔یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ماڈرنا کی ویکسین کی منظوری کا فیصلہ کلینکی جانچ کی کامیاب تکمیل کے بعد کیا گیا ۔اس کے علاوہ مقامی سطح پر اس کا ہنگامی استعمال کے لیے جائزہ بھی لیا گیا ہے۔امریکا کی خوراک اورادویہ انتظامیہ (ایف ڈی اے)ماڈرنا کی ویکسین کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔یو اے ای دنیا بھر میں ویکسین کی سب سے تیز مہم چلانے والاملک ہے اوراب تک فی کس کے اعتبار سے سب سے زیادہ افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔اماراتی وزارتِ صحت نے ٹویٹر پر اطلاع دی کہ اب تک ملک کی 92 لاکھ آبادی میں سے 738 فی صد کو ویکسین کی ایک ایک خوراک لگائی جاچکی ہے جبکہ 637 فی صد کو دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔یواے ای میں لوگوں کو ویکسین لگانے کی مہم دسمبر 2020 میں شروع کی گئی تھی۔تب سے اب تک لوگوں کو منظورشدہ ویکسینوں کی ایک کروڑ 55 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔اماراتی حکام نے حال ہی میں جن افراد کو اس سے پہلے چین کی ساختہ سائنوفارم ویکسین کے دونوں انجیکشن لگائے گئے ،انھیں تقویت کے طور پر تیسرا انجیکشن لگانے کی منظوری دی ہے۔اس کے علاوہ گذشتہ ہفتے حاملہ خواتین کو فائزر کی ویکسین لگانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔برطانوی خبررساں ایجنسی کے فراہم کردہ کووِڈ19کے ڈیٹا کے مطابق یواے ای میں روزانہ اوسطا 78493 خوراکیں لگائی جارہی ہیں۔اگرملک میں اسی رفتار سے ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو پھر مزید 10 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کے لیے 25 دن اوردرکار ہوں گے۔