اسلام آباد ہائیکورٹ نے سندھ روشن پروگرام کیس میں شرجیل انعام میمن کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا

Jul 05, 2021 | 17:11

وقائع نگار

 اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس بابرستار پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سندھ روشن پروگرام میں مبینہ خردبرد کیس میں  سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شرجیل انعام میمن دائر درخواست میں نیب، ڈی جی نیب راولپنڈی اور تفتیشی افسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ سندھ روشن پروگرام کے تحت سولرلائٹس منصوبہ انکوئری میں نیب نے کال اپ نوٹس جاری کیا اور 6جولائی کو بیان قلمبند کرانے کیلئے نیب راولپنڈی کے دفتر طلب کیاگیاہے، خدشہ ہے کہ پیشی کے دوران نیب گرفتار کرلے، نیب کی طرف سےگرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی،استدعا ہے کہ عدالت ضمانت منظور کرے اور نیب کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔عدالت نے اگست کے پہلے ہفتہ تک ضمانت منظور کرنے کا حکم سنادیا۔یاد رہے کہ نیب نے شرجیل میمن کو آج ریکارڈ سمیت راولپنڈی دفتر طلب کررکھاہے،اس سے قبل طلبی پر شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی اجلاس کے باعث پیش ہونے سے معذرت کی تھی، شرجیل میمن پر منصوبے میں رشوت اور غیر قانونی رقوم لینے کا الزام ہے۔

مزیدخبریں