لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے سو یونٹ بجلی مفت دینے کے اعلان کو شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئیے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن سے دس دن پہلے یہ اعلان انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ یہ بات پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبطین خان اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر میاں اسلم اقبال نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ سبطین خان نے کہا پنجاب کی عوام کو سو یونٹ بجلی مفت دینے کی مہربانی کی ہے جس گھر میں استری پنکھا اور بلب جلتا ہے وہاں سو یونٹ سے زیادہ بجلی کا بل آتا ہے۔ عوام کا درد ہے تو غریب کو سبسڈی دیں۔ سو یونٹ نہیں، کم از کم تین سو یونٹ تک مفت بجلی دینا چاہئے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ بائیس جولائی تک کے وزیراعلی نے وراثتی شعبدہ بازی کی ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بغیر انہیں ایسے فیصلوں کا اختیار نہیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کہا تھا کہ حمزہ شہباز وزیراعلی کی حیثیت سے ضمنی الیکشن پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔ یہ پنجاب کا وزیراعلیٰ نہیں بلکہ پولٹری ایسوسی ایشن کا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے توشہ خانہ بارے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ اس ضمن میں کمشن بنائے تاکہ انیس سو سینتالیس سے لیکر اب تک توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات سامنے آسکیں۔
پی ٹی آئی