لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا۔ 18،18گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری، حکومت کی نالائقی اور نااہلی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ وزیراعظم نے قوم کو تین ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی تین تاریخیں دیں، ہر بار ڈیڈ لائن گزرنے پر نئی تاریخ دے دی جاتی ہے۔ حکمرانوں کے گھوڑے ائیرکنڈیشن کمروں میں اور غریبوں کے بچے گرمی میں تڑپ رہے ہیں۔ قوم کے ساتھ مذاق اور ظلم بند کیا جائے۔ طویل المیعاد منصوبوں کے دعوے، لیکن پورا نظام ایڈہاک ازم پر چلتا ہے۔ بجلی کے تاروں میں کرنٹ، نہروں میں پانی، ہسپتالوں میں دوائی نہیں اور حکمرانوں میں سچائی نہیں۔ ظالم اشرافیہ اللہ سے توبہ کریں، مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ قوم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کر کے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے سندھ کے بعد پنجاب میں لمپی سکن وائرس کی وجہ سے کسانوں کے مویشیوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں کی نالائقی کی وجہ سے اب تک ہزاروں جانور ہلاک اور لاکھوں تکلیف میں مبتلا ہیں۔ ذمہ دار محکمے کہیں دکھائی نہیں دیتے، غریب کسان رُل گئے ہیں۔ اور گزر بسر انہی کو پالنے، دودھ اور گوشت بیچنے میں ہوتا ہے، ان کے پاس روزی کمانے کا وسیلہ مستقل طور پر ختم ہو چکا ہے۔ حکومت نے تاحال غریب کسانوں کو ریلیف دینے کا کوئی بندوبست نہیں کیا۔ عیدالاضحی کے قریب بیماری کی وجہ سے جانوروں کا کوئی خریدار نہیں، بیوپاری، مالکان اور خریدار تینوں پریشان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت جانوروں کے لیے ایمرجنسی ڈکلیئر کرے اور جن کسانوں کے جانور مرے ہیں انہیں معاوضہ دے۔ ایمرجنسی بنیادوں پر مویشیوں کی ویکسی نیشن کی جائے۔ سودی نظام کی وجہ سے معیشت کا بیڑہ غرق ہو چکا ، حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عمل درآمد کرے۔ جماعت اسلامی سودی معیشت کے خلاف بھرپور احتجاج جاری رکھے گی۔
سراج الحق
حکمرانوں کی نالائقی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے: سراج الحق
Jul 05, 2022