کابل(شِنہوا)چین کی ریڈکراس سوسائٹی(آر سی ایس سی)کی جانب سے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان انجمن ہلال احمرافغانستان(اے آر سی ایس)کو موصول ہو گیا ہے۔اس حوالے سے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کے اے آر سی ایس کمپلیکس میں سامان حوالگی کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افغانستان میں چینی سفیر وانگ یو اور صدر اے آر سی ایس مولوی مطیع الحق خالص نے شرکت کی۔وانگ نے کہا کہ چین نے افغانستان میں قدرتی آفت کی صورتحال پر گہری توجہ دیتے ہوئے اس پر فوری ردعمل کا اظہار کیا ہے، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ چین نے افغانستان کو بھاری مقدار میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بروقت امداد فراہم کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔وانگ نے کہا کہ چین افغانستان کے ساتھ تعاون کرنے اور افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔امداد پر اظہار تشکرکرتے ہوئے مولوی مطیع الحق خالص نے کہا کہ افغانستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین اقتصادی، سائنسی اور طبی شعبوں میں افغانستان کی مدد جاری رکھے گا۔چین نے جنگ زدہ افغانستان میں زلزلہ متاثرین کیلئے انسانی ہمدردی کی بنا پر 5 کروڑ یوآن(75 لاکھ امریکی ڈالر)کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ امدادی سامان کی پہلی کھیپ 27 جون کو افغانستان کے کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچی ہے۔
امدادی ادارے