گوجرانوالہ( نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر غلام دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی نااہلی و نالائقی کی وجہ سے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔عمرانی ٹولہ کی غلط پالیسیوں کی بدولت پاکستانی عوام کو مہنگائی اور مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مسلم لیگ ن کی حکومت مرکز اور پنجاب میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف کا 100یونٹ تک مفت بجلی دینے کا اعلان خوش آئند ہے اپنی رہائشگاہ پر لیگی رہنمائوں منشاء اللہ بٹ، چوہدری اقبال گجر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت دن رات مسائل کے حل کیلئے اقدامات کررہی ہے۔تحریک انصاف حکومت کا ساڑھے تین سالہ گند صاف کرنے کیلئے حکومت کے پاس وقت درکار ہے۔عوام کو مستقل سہولت اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑرہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی اور کارکن پارٹی قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں متحد ہیں۔پنجاب میں ہونیوالے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگی امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔