کے فور منصوبہ 650ملین گیلن سے کم کسی صورت قبول نہیں ٗ حافظ نعیم 

Jul 05, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ، پی ٹی آئی ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کوکراچی کا مزید حق نہیں مارنے دیں گے ،کے فور منصوبہ 650ملین گیلن سے کم کسی صورت قبول نہیں ،منصوبہ فوراًمکمل کیا جائے ،کے الیکٹرک کالائسنس منسوخ کر کے فارنزک آڈٹ کیا جائے ،اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے انتظامات کیے جائیں،جماعت اسلامی اور الخدمت نے ہنگامی حالات سے نبٹنے کے لیے رضاکاروں پر مشتمل ٹیم تیارکرلی ہیں، جماعت اسلامی نے کراچی میں 11رین ایمرجنسی  سینٹر قائم کر دیئے ، حکومت اربن فلڈنگ کے انتظامات کرے ۔ ہم کراچی کے شہریوں اور نوجوانوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر ہماری ٹیم کا حصہ بنیں ، ہم وفاق اور صوبہ سے بھی کہنا چاہتے ہیں کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کا اتنا بڑا ادارہ موجود ہے جس پر اربوں روپے کا بجٹ ہے اس کو بھی فعال کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امراء کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ، راجاعارف سلطان ، انجینئر سلیم اظہر ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی میں 17سال سے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں ہوا ۔کے فور منصوبہ 650ملین گیلن یومیہ کا تھا لیکن سابق وزیر اعظم عمران خان نے 260گیلن یومیہ کا کردیا،انہوں نے کہاکہ شدیدبجلی اور پانی کا بحران ہے اور پانی اور بجلی کے ستائے ہوئے لوگ سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔حکومت کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کراچی کے شہریوں پر ایک عذاب مسلط کررہی ہے ہم بار بار یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کا لائسنس بھی منسوخ کیا جائے اور فرانزک آڈٹ بھی کرایا جائے لیکن وفاقی حکومت اور نیپرا کوئی نوٹس نہیں لیتی۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کے فور میں کٹوتی واپس لی جائے ،کراچی کے پانی کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں اس وقت الیکشن کمیشن صرف یرغمال ہی نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کا دوسرانام الیکشن کمیشن ہے ،پیپلزپارٹی اسے پوری طرح استعمال کررہی ہے ،جب بھی کوئی ضمنی انتخاب ہو یا بلدیاتی انتخاب پیپلزپارٹی جھنڈے لگاکر علاقے میں پائپ ڈالنا شروع ہوجاتی ہے جب 17سال میں پانی کا کوئی انتظام ہی نہیں کیا تو صرف نمائشی اقدامات سے مسئلہ کیسے حل ہوگا؟،شہر میں ٹینکر مافیا سندھ حکومت کی سرپرستی سے چل رہا ہے ،پیپلزپارٹی برساتی نالے کی صفائی کا کام نہیں کررہی صرف سڑکوں کی مرمت کر کے اور پائپ لائنیں بچھا کر عوا م کو بے وقوف بنایاجارہاہے۔
حافظ نعیم 
شہر میں پانی کا بحران ٹینکر مافیا کی
 وجہ سے ، خالد صدیقی ایڈوکیٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف سماجی رہنما خالد صدیقی ایڈوکیٹ نے کراچی میں پانی کے بحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ٹینکر مافیا کے رحم کو کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔غریب عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہے۔ عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیںاور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ فوری طور پر پانی کے بحران کو حل کرنے کی ضرورت ہے نہیں تو عوام اپنے حق کے لئے لڑنے پر مجبور ہوگی۔

مزیدخبریں