کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے صوبہ سندھ میں ساڑھے چھ سو سے زائدمخدوش عمارتوں کو خطرناک وناقابل استعمال قراردیتے ہوئے انہیں فوری خالی کرنے کیلئے ایک بار پھرانتباہی نوٹسزجاری کردیئے ہیں گنجان آباد علاقوںمیں کسی بھی مخدوش حالت بوسیدہ تعمیرات کی حامل عمارت کے بارے میں ایس بی سی اے کوفوری اطلاع دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق ماہرتعمیراتی انجینئرز پر مشتمل
ٹیکنیکل کمیٹی برائے خطرناک عمارات نے اب تک کراچی میں530،عمارتوں سمیت سندھ بھرکی 681عمارتوں کو ان کے تباہ حال اسٹرکچرکی بنیاد پرخطرناک ،ناقابل استعمال و رہائش قراردیاجاچکاہے، اس حوالے سے ایس بی سی اے کی جانب سے ایک بار پھر خطرناک عمارتوں کے مکینوں اور استعمال کنندہ کو انتباہی نوٹسزکے اجراء سمیت ذرائع ابلاغ عامہ سے اشتہارات کے زریعے سے انتباہ کیاگیاہے کہ قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کی خاطران عمارتوں کوفوری خالی کردیاجائے کیونکہ بارشوں کے سبب ان عمارتوں کے اچانک زمین بوس ہونے یا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آتش زدگی کے حادثاتی خدشات میں کئی گنااضافہ ہوجاتاہے ،اس حوالے سے ڈائریکٹرجنرل محمداسحاق کھوڑو کی ہدایات پر ایس بی سی اے میں " رین ایمرجنسی سینٹر"قائم کردیاگیاہے جس میں ٹیکنیکل عملہ 3شفٹوں میں 24گھنٹے ڈیوٹی پر موجودرہے گااور کسی بھی عمارتی حادثے کی صورت میںہنگامی سطح کے امورمیں دیگرمتعلقہ محکموں اورامدادی انجمنوںکو تینیکی معاونت فراہم کرے گا۔