کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر وترقی اور روشنیوں کی بحالی کے لیے عوام 24جولائی کو ترازو پرمہر لگائیں۔سابق میئرعبدالستار افغانی اورنعمت اللہ خان نے شہریوں کی فلاح وبہبود،کراچی کے امن وترقی کے لیے دن رات ایک کردیا تھا،حافظ نعیم الرحمان نعمت اللہ خان کے جانشین ہیں۔ ترازوکے نشان پرنامز امیدوارجماعت اسلامی کے نمائندے ہیں۔عوام میں سے، عوام کے ووٹوں سے منتخب ،اہل ودیانتدار قیادت ہی بجلی پانی سمیت شہریوںکے بنیادی مسائل حل اورعوام کی امیدپر پورااتر سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 7جناح ٹائون بھادرآبادشرف آباد میں بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران معززین واجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔امیدواربرائے یوسی چیئرمین سلیم عمر میمن،وائیس چیئرمین حسن رضا،ناظم علاقہ سید عمر اورناظم انتخاب توصیف احمد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ 75سالہ تاریخ میں جماعت اسلامی کے نمائندوں کے دورمیں ہی شہرکراچی میں کرپشن سے پاک اورمعیاری ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔