کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون نے کہا کہ ایماندار اور فرض شناس ملازمین کا ضمیر اور دل مطمئن ہوتاہے کیونکہ انسان اپنے کردار،ایمانداری اور کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ موجودرہتاہے۔کسی بھی ملازم کے لیے ریٹائرمنٹ کے موقع پر اس سے بڑی خوشی نہیں ہو سکتی کہ اُس کے اعزاز میں اس کے افسران اور ساتھی ملازم الوداعی تقریب کا انعقاد کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹرعبدالقدیرخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (کبجی) جامعہ کراچی میں ملازمت سے سبکدوش ہونے والے رکن ظہیر احمد کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ناصرہ خاتو ن نے مزیدکہا کہ کبجی ایک مثالی ادارہ ہے جو ایک خاندان کی طرح کام کرتا ہیجس کی ایک بہترین مثال ملازمت سے سبکدوش ہونے والے ظہیر احمد کے واجبات کی ملازمت کے آخری روز ادائیگی ہے،۔انہوں نے مزید کہا کہ سبکدوش ہونے والے کارکن، ظہیر احمدکے بارے میں ان کے رفقا کے کلمات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ انہوں نے ادارے سے وابستہ رہ کر اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری اور لگن سے سرانجام دئے ۔اس موقع پرکبجی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر نے اپنے خطاب میں ظہیر احمد کی ادارے کے ساتھ طویل وابستگی کے دوران ان کی خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کے ظہیر احمدنے اپنے بچوں کو اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا- ظہیر احمد کے دیرینہ رفیق کار جناب فہیم حسن نے ان کی احساس ذمہ داری، لگن، اور پابندی وقت کی تعریف کی۔سعید الظفر نے ظہیر احمد کو ایک مخلص اور خوش مزاج ساتھی کے القابات سے نوازا۔ڈاکٹر سعدیہ گیلانی نے ظہیر احمد کی خدمات کو سراہا اور ان کی آنے والے وقت میں صحت اور تندرستی کے ساتھ خوشیوں کی دعا کی-ظہیر احمد نے اس موقع پر کبجی میں گزارے ہوئے ایام کو ایک انتہائی اہم وقت قرار دیا- انہوں نے کبجی کے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے ان برسوں میں کامیابیاں نصیب ہویں۔آخر میں شیخ الجامعہ نے ظہیر احمد کو ان کے واجبات کے چیک پیش کیے۔
ایماندار اور فرض شناس ملازمین کا ضمیر مطمئن ہوتاہے‘ ڈاکٹر ناصرہ
Jul 05, 2022