میرپورخاص (بیورورپورٹ) میرپورخاص میں مہنگے پیٹرول کے ستائے شہریوں نے اپنی موٹرسائیکلیں اور رکشہ کو ایل پی جی گیس پر منتقل کروانا شروع کردیا جسکے بعد مارکیٹ میں ایل پی جی گیس کی کٹس کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک سو روپے اضافے کے بعد اب شہریوں نے مہنگے پیٹرول کا توڑ ڈھونڈ لیا ہے اور شہری بڑی تعداد میں اپنی موٹر سائیکلیں، رکشہ اور چنگچیوں کو ایل پی جی گیس پر منتقل کروارہے ہیںایل پی جی گیس کی کٹ اور سلنڈر فروخت کرنے والے دکاندار وں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث اب کٹ اور سلنڈر بھی مارکیٹ میں شارٹ ہوگئے ہیں ایل پی جی گیس 220روپے کلو ہے جبکہ ایک کلو گیس میں موٹر سائیکل پر ساٹھ سے ستر کلومیٹر سفر طے کیا جا سکتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ایک ماہ کے دوران سینکڑوں رکشہ اور درجنوں موٹرسائیکلیں ایل پی جی پر منتقل ہوگئی ہیں اور اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرا رہتی ہیں یا ان میں اضافہ ہوتا ہے تو مذید موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان ایل پی جی پر منتقل ہو کر مہنگے پیٹرول سے چھٹکارہ حاصل کرلیں گے۔