ڈینگی پرقابو پانے کیلئے ویکٹر سرویلنس مؤثر بنائی جائے: آغا ظہیر عباس 

Jul 05, 2022


لودھراں (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے پانی کے تالابوں میں لاروا کش مچھلی کی افزائش ، قبرستانوں میں جمع پانی کا اخراج و سدباب، زیر تعمیر عمارات میں پوشیدہ جمع پانی کا اخراج، سروس اسٹیشنوں میں پانی کے نکاس اور ہمہ قسم ہاؤس کیپنگ سرگرمیوں کو مکمل فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ویکٹر سرویلنس کو مزید مؤثر بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ڈینگی کے تدارک میں  ہرگز غفلت نہ برتی جائے۔  عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام محکمہ جات کو اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ضلعی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد فراز اعوان،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شوکت علی اعجاز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کے علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ادوایات کی قلت کا کوئی جواز نہیں ہے ڈینگی سے بچاؤ کے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

مزیدخبریں