نئی دہلی(اے پی پی +این این آئی)بھارت کی سپریم کورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے لیے دائردرخواستوں پر سماعت 11 جولائی سے شروع ہوگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سماعت کرنے والا 5 رکنی بینچ بھارتی چیف جسٹس دھنانجیا یشونت چندراچد، جسٹس سجنے کشان کول، جسٹس سجنیو کھنہ، جسٹس بی آر گیوائی اور جسٹس سوریا کانت پر مشتمل ہے۔سپریم کورٹ میں دائر 20 سے زائد درخواستوں میں بھارتی حکومت کی جانب سے اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے لیے کیے گئے فیصلے کی آئینی حیثیت پر سوال اٹھایا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ درخواست گزار نے دعوی کیا کہ آئینی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے مقدمے کی فوری سماعت کے لیے 17 فروری کو بھی درخواست دی تھی اور بھارتی چیف جسٹس نے سماعت کے لیے مخصوص تاریخ دینے پر اتفاق کیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ آرٹیکل 370 کے حوالے سے مقدمہ سپریم کورٹ میں 2 سال سے زیر التوا ہے اور مارچ 2020 میں 5 رکنی بینچ کی جانب سے لارجر بینچ کے لیے ریفر کرنے سے انکار کے بعد دوبارہ مقرر نہیں کیا گیا۔
بھارتی سپریم کورٹ